خواب وخیال کی باتیں
خواب وخیال کی باتیں حیدر بھید جہاں کے جیسے خواب کے اندر خواب ایک نقاب اگر اُلٹیں، تو آگے اور نقاب زندگی میں بہت سارے خواب دیکھے ہیں۔کچھ نیند میں،کچھ سوتے جاگتے میں اور کچھ پوری طرح جاگتے ہوئے۔ایسے خوابوں میں کہیں بعض خواہشیں،کہیں بعض خیالات اور کہیں زمانے کے سلوک کے اثرات بھی ہوتے ہیں اور بہت سارے خواب جیسے قدرت کی طرف سے پیشگی خبر یں ہوتی ہیں،کہیں حوصلہ دینے کے لئے اور کہیں انتباہ کے طور پر یاپیار سے سمجھانے کے لئے۔ اب کچھ عرصہ سے مجھے ایک ہی انداز کے ملتے جلتے خواب دکھائی دے رہے ہیں۔یوں لگتا ہے جیسے ایک ہی خواب کے تسلسل سے گزر رہا ہوں۔ان خوابوں کی تعبیر کی مختلف صورتیں ہیں۔ لیکن ان پر بات کرنے سے پہلے اپنے خوابوں کا خلاصہ بیان کر دینا ضروری سمجھتا ہوں۔ پھیلی ہوئی زمین ہے لیکن بے آباد۔۔۔میں مسلسل چل رہا ہوں۔بعض اوقات لگتا ہے کہ میںڈیڑھ دو صدیاں پہلے کے زمانے میں گھوم رہا ہوں اور کبھی لگتا ہے آنے والے زمانے میں پھر رہا ہوں۔ دونوں صورتوں میں سے جو بھی صورت ہومیں مسلسل چل رہا ہوں۔کہیں کہیں اکا دکا انسان نظر آبھی جاتے ہیں تو سب ایک دوسرے سے بے...